مردان، جلالہ پل کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور خاتون سمیت8افرادزخمی

اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122کے اہلکاروں اور میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور لاشوں و زخمیوں کوہسپتال منتقل کیاگیا،پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردی

مردان( نیوز ڈیسک ) مردان کے علاقے تخت بھائی جلالہ پل کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور خاتون سمیت8افرادزخمی ہوگئے،دھماکہ جلالہ پل کے قریب ہوا،اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور لاشوں و زخمیوں کوہسپتال منتقل کیاگیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو امدادی کارروائی کے دوران ٹی ایچ کیو تخت بھائی اور ایم ایم سی منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔یاد رہے کہ چند روزقبل بھی بلوچستان کے علاقے تربت میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

بتایاگیا تھا کہ دھماکے میںجاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور بچی بھی شامل تھی۔دھماکے میںمرنے والوں کی شناخت عائشہ بنت محمد علی اور نظر جان ولد حاصل اور آسیہ بنت حاصل کے نام سے ہوئی تھی۔ادھروزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے میں خاتون اور بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیاتھا۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہاکہ افسوس ناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہاتھ جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہناتھا کہ دہشتگردوں کی مذموم کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے ۔معصوم لوگوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔سیکورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ۔