لگتا ہے عمران خان کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیدا ہورہی ہے،خواجہ آصف

بانی پی ٹی آئی کا رویہ غیر سیاسی ہے لیکن ان کا موسم تبدیل ہو رہا ہے،پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش اب بھی برقرار ہے،وزیر دفاع کا بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آل پارٹیز کانفرکس میں شرکت کے فیصلے پر ردعمل

لاہور( نیوز ڈیسک ) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ لگتا ہے عمران خان کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیداہورہی ہے،بانی پی ٹی آئی کا رویہ غیر سیاسی ہے لیکن ان کا موسم تبدیل ہو رہا ہے ،وزیردفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے حکومت کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے اعلان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرکے ایک اچھا فیصلہ کیا ہے ۔
امید ہے کہ مستقبل میں بھی ان کا رویہ مثبت رہے گا۔پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش اب بھی برقرار ہے۔سیاست میں مل بیٹھنے کا راستہ کھلا رکھنا چاہئے ۔خواجہ آصف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن سیاسی نہیںبلکہ یہ قومی معاملہ ہے۔
حکومت خیبرپختونخوا ہ آپریشن عزم استحکام کی حمایت کرےگی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ علی امین گنڈاپور نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن مخالف کوئی بات نہیں کی تھی ان کا طرز عمل اس وقت بھی مثبت تھااب بھی ایسا ہی ہوگا۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ملٹری سٹیبلشمٹ سے مذاکرات پی ٹی آئی کی خواہش ہے۔ سٹیبلشمٹ ہی ہمیشہ پی ٹی آئی کی کفیل رہی ہے۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعظم کی بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کااعلان آج کیا ۔عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی خاطر شریک ہونگے۔
یہ ملکی مسئلہ ہے۔ ہماری پارٹی اے پی سی میں شرکت کرے گی اور حکومت کا مو¿قف سنے گی۔ امن و امان کا ملکی ایشو ہے، ملک کی خاطر اے پی سی میں شرکت کریں گے۔ جب تک افغانستان سے تعلقات بہتر نہیں ہوتے ہم ٹی ٹی پی سے نہیں جیت سکتے۔بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عزم استحکام آپریشن پر ہمارے تحفظات موجود ہیں، اس آپریشن سے ملک میں عدم استحکام بڑھے گا۔