جو پیسے لے کر ترجمان بنے بیٹھے ہوں وہ ہماری کہانی کیا سنائیں گے،عمران اسماعیل

روف حسن خود ایک دن بھی جیل گئے نہ کسی تحریک کا حصہ بنے ان کو ہمارا اتنا خوف کیوں ہے،بیان بازی کر کے یہ لوگ اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں،رہنماءآئی پی پی کا ردعمل

کراچی( نیوز ڈیسک ) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماءعمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ جو پیسے لے کر ترجمان بنے بیٹھے ہوں وہ ہماری کہانی کیا سنائیں گے،پی ٹی آئی میں اس وقت غیر سیاسی لوگ ہیں جن کو سیاست کا تجربہ نہیں ہے ،بیان بازی کر کے یہ لوگ اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان روف حسن کے بیان پر سابق پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے اپنے ردعمل میں مزید کہا ہے کہ روف حسن خود ایک دن بھی جیل گئے نہ کسی تحریک کا حصہ بنے ان کو ہمارا اتنا خوف کیوں ہے۔
ہم نے پی ٹی آئی کو اپنی مرضی اور بغیر کسی دباﺅ کے چھوڑا تھا ۔جن لوگوں نے زندگی میں کبھی سیاست نہ ہو وہ آج ہم پر تنقید کررہے ہیں انہیں پہلے اپنا گریبان جھانکنا چاہئے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان رﺅف حسن نے کہا تھا کہ پارٹی کے بانی عمران خان کی ہدایت پر فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور علی زیدی کو باضابطہ طور پر پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔
رﺅف حسن کایہ بھی کہنا تھا کہ ان افراد کی جانب سے شروع کی گئی بیان بازی کا ہماری طرف سے جواب دیا گیا۔ بتا دیں گے تینوں کتنی دیر اور کیسی وی آئی پی جیل میں رہے تھے۔انہیں کسی بھی صورت میں واپس پارٹی میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی سے نکالے گئے تین ارکان کو حراست کے دوران کسی تشدد کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ان کے ساتھ وی آئی پی جیساسلوک کیا گیاتھا۔
رﺅف حسن کا مزید کہنا تھا مفاد پرستوں اور مشکل حالات میں پارٹی چھوڑنے والوں کی پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔جو لوگ مشکل حالات میں پارٹی کو چھوڑ کرگئے تھے ان کی پارٹی میں واپسی ناممکن ہے ۔یہ لوگ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کمزور ہو لیکن ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔پاکستان تحریک انصاف تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنا جانتی ہے ۔ ہم ان کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔