جو لوگ پارٹی چھوڑ گئے ہیں اس پر عمران خان نے ایک کمیٹی بنائی ہے وہ رپورٹ دے گی، عمران خان کی رہائی پر ان کی واپسی کا فیصلہ ہوگا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی کی گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد قیصر کا کہنا ہے کہ آج ٹک پی ٹی آئی کے ساتھ جو کھڑا ہے وہ ہیرو ہے، ہماری لیڈر شپ کو بدنام کرنے کے لیے پلانٹڈ پروپیگنڈہ شروع کیا گیا ہے۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں کرے گی، ہمارے خلاف کیسز میں کوئی جان نہیں ہے، عمران خان کے خلاف کیسز کیسز زیادہ سے زیادہ دو ماہ میں ختم ہو جائیں گے، ہمارے خلاف پلانٹڈ پروپیگنڈا شروع کیاگیاہے، تحریک انصاف پرامن جماعت ہے، ہر چیز آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کرے گی، پارٹی چھوڑنے والوں سے متعلق فیصلہ عمران خان کریں گے، جو پارٹی چھوڑ گئے ہیں اس پر عمران خان نے ایک کمیٹی بنائی ہے وہ رپورٹ دے گی، عمران خان کی رہائی پر ان کی واپسی کا فیصلہ ہوگا۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو مذاکرات کا اختیار دینے کے حوالے سے بیرسٹر علی ظفر سمیت باقی رہنماؤں کا مؤقف درست نہیں ہے، عمران خان کا واضح پیغام تھا کہ بطور پارٹی ہمارا مؤقف الگ ہے اور ہم ان کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے، بانی پی ٹی آئی نے کہا محمود اچکزئی اتحادی ہیں وہ کوئی بات کرتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہوگا اور اگر کوئی تجاویز سامنے لاتے ہیں تو ہم ان پر غور کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ وہ لوگ ہمارا مینڈیٹ چراکر حکمرانی کر رہے ہیں اس لیے پی ٹی آئی کا حکومت سے ڈائریکٹ بات کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، فی الحال جے یو آئی کے ساتھ ہمارا کوئی الائنس نہیں ہوا البتہ رابطے ہوئے ہیں اور دوریوں میں کمی واقع ہوئی ہے، جمہوریت پر یقین رکھنے والی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجائیں۔