ملکوں کی ترقی کا دارومدار سیاسی استحکام پر ہے،رانا ثناءاللہ

جھوٹ کی بنیاد پر ملک نہیں چل سکتے ،ملک سیاسی جماعتوں کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتاہے،اقتدار میں تحمل ملکی استحکام کیلئے ضروری ہے،وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ ملکوں کی ترقی و مدار سیاسی استحکام پر ہے،جھوٹ کی بنیاد پر ملک نہیں چل سکتے ،ملک سیاسی جماعتوں کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتاہے،اقتدار میں تحمل ملکی استحکام کیلئے ضروری ہے ۔ہمیں ایک تحریک کے طور پر آگے بڑھنا چاہیے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماءمسلم لیگ ن نے کہا کہ ملک سیاست اور سیاسی جماعتوں سے ہی چلتا ہے۔
ہم نے ان چیزوں کا نام سیاست کیوں رکھ دیا جن کی وجہ سے کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اگر جھوٹ بولا جاتا ہے تو ہم کہتے ہیں کہ یہ سیاست ہے۔ہمیں بحیثیت قوم اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ ہم میں بہت اچھی روایات ہیں لیکن جو ہمارے منفی روئیے ہیں ان پر احتسابی جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں چھوٹے چھوٹے ملکوں کے بڑے بڑے دستے ہیں اور پاکستان سے صرف 3، 4 لوگ گئے ہیں، وہ بھی اپنے بلبوتے پر گئے ہیں، ندیم اشرف بھی یہاں تک خود پہنچا ہے اس میں کسی فیڈریشن کا کوئی تعلق ہے میں نے کوشش کی کہ فیڈریشن میں ضوابط لائے جائیں اتنی کوشش تو ہو کہ لوگ کوالیفائی ہی کرلیں ان ایونٹس میں، میڈل ملنا یا نہ ملنا بعد کی بات ہے مگر کوالیفائی کروانا تو فیڈریشن کی ذمہ داری جو فیڈریشن اس قابل نا ہو کہ وہ لوگوں کو کوالیفائی کروا سکے تو انہیں جگہ چھوڑ دینی چاہیے اربوں کا خرچہ ہے ایک کھلاڑی کے ساتھ سرکاری خرچے پر 13 لوگ جاتے ہیں، اب میں نے یہ کردیا ہے کہ لوگ اپنے خرچے پر وہاں جائیں گے۔

رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ میرا تعلق ایسی جگہ سے تھا جہاں میرا واسطہ لا اینڈ آرڈر سے رہا۔ میں 10 سال صوبائی وزیرقانون رہا۔ دوسری جگہوں پر میرا تجربہ کم رہا اب مجھے بین الصوبائی روابط کا عہدہ دیا گیا ہے۔ مجھے احساس ہے کہ یہ اس لئے سونپا گیا کہ میری سیاسی سائیڈ پر زیادہ مصروفیت رہنی ہے تو سیکرٹریٹ سپورٹس کا ایک شعبہ ہونا چاہیے۔