بجٹ میں عوام پر معاشی یلغار کی گئی ہے،شبلی فراز

الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوگیا،سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان میں بحران ہے،پارلیمنٹ میں عوام کے منتخب نمائندے آئیں گے تو بہتری ہوگی،رہنماءپی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشبلی فراز نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام پر معاشی یلغار کی گئی ہے،الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوگیا،سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان میں بحران ہے،پارلیمنٹ میں عوام کے منتخب نمائندے آئیں گے تو بہتری ہوگی،ہمیں تشویش ہے کہ کیس کو لمبا کیا جارہا ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا میں تنقید ہورہی ہے کہ یہ کیسے انتخابات ہوئے ہیں، کل یو این رپورٹ میں کہا گیا ہم اسے کیس سٹڈی بنائیں گے۔کیس لمباکرنے سے عدم استحکام ہوگا۔ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان میں بحران ہے۔ یہ دانستہ طور پر ہوا الیکشن کمیشن کی نالائقی نہیں بلکہ بدنیتی ہے۔
ہماری اپیل ہے کیس پرجلد از جلد فیصلہ کیا جائے۔الیکشن کمیشن کی بدنیتی ثابت ہو چکی ہے کہ کس طرح انہوں نے جان بوجھ کر پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے باہر کیا اور جان بوجھ کر ہم سے ہماری جیتی ہوئی نشستیں چھینی گئیں۔جب تک پارلیمان میں وہ لوگ نہیں آئیں گے جن کو عوام نے بھیجا تب تک پارلیمان بھی مضبوط نہیں ہوگا کیونکہ پارلیمان میں اس وقت وہ لوگ بیٹھے ہوئے فارم 47 کی مہربانی جو عوام کی نمائندگی نہیں کرتے اس بجٹ کے ذریعے پاکستانی عوام پر معاشی یلغار کردی گئی اس کے عوام متحمل نہیں ہوسکتے۔
ہمیں تشویش ہے کیس کو کھینچا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حالت یہ ہے کہ ملک کی معیشت نیچے جارہی ہے جس کی بنیادی وجہ صاف اور صفاف الیکشن نہ ہونا ہے جب تک عوامی نمائندے پارلیمان میں نہیں بیٹھیں تب تک آئی ایم ایف آپ کے فیصلے کرے گی۔ آئی ایم ایف کو آپ سے کوئی ہمدردی نہیں۔ عوامی نمائندے آئیں گے تو عوام کا خیال رکھیں گے۔الیکشن کمیشن نے سب سے بڑی جماعت سے بلا چھینا گیا اور انہیں سیاسی جماعت ماننے سے انکار کیا گیا۔