عمران خان ، شاہ محمود ودیگر کیخلاف توڑ پھوڑ مقدمات پر سماعت 29 جولائی تک ملتوی

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان ، شاہ محمود قریشی ودیگر کیخلاف توڑ پھوڑ مقدمات پر سماعت29 جولائی تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، عمر ایوب ، علی نواز اعوان و دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی اور تھانہ گولڑہ میں درج دو مقدمات کی سماعت کی۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور پرویز الہیٰ سمیت 176 ملزمان کا چالان آگیا ہے۔

سردار مصروف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اسد عمر اس کیس سے ڈسچارج ہوچکے ہیں، جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ جو ملزمان غیر حاضر ہیں ان کے بلا ضمانتی وارنٹ جاری کر رہے ہیں ، آخری موقع ہے اگر آئندہ سماعت پر حاضری یقینی نہ بنائی گئی تو ضمانتیں خارج کردی جائیں گی۔

عدالت نے کیسز کی سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی ، عمر ایوب سمیت 200 سے زائد افراد پر توڑ پھوڑ کے دو مقدمات درج ہیں ، پی ٹی آئی ارکان نے 18 مارچ 2023 کو بانی پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کی تھی ۔

توڑ پھوڑ کیسز میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر قیادت پر ایما کا الزام ہے ، توڑ پھوڑ کیسز میں علی نواز اعوان ، عمر ایوب اور علی امین گنڈا پور عبوری ضمانت پر ہیں۔