عمران خان ان سے مذاکرات کریں اور اگلے الیکشن کیلئے سازگار ماحول بنائیں اور الیکشن کیلئے قانون سازی کریں،سابق وفاقی وزیر کی گفتگو
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور ایک سال میں دوبارہ الیکشن کروانے کی پیشنگوئی کر دی، عمران خان ان سے مذاکرات کریں اور اگلے الیکشن کیلئے سازگار ماحول بنائیں اور الیکشن کیلئے قانون سازی کریں،عمران خان کے ساتھ 98 فیصد نوجوان ہیں اور نوجوانوں سے پنگا نہیں لیا جاتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں آج پیشگوئی کر رہا ہوں کہ حکومت عمران خان کو جیل سے رہا بھی کرے گی اور ان کو مذاکرات کیلئے بھی بلائے گی اور ایک سال کے اندر نئے انتخابات بھی کروانے پڑیں گے۔شہباز شریف کرسی کو احترام دیتے ہوئے ڈائیلاگ کا آغاز کریں۔ فارم 45 و 47 کا مسئلہ حل کریں اور اسمبلی کے اندر بیٹھ کر الیکشن کیلئے قانون سازی کریں۔
ایک مدت کے اندر الیکشن کروائیں۔اس وقت ایک سال کے اندر نئے انتخابات قوم کی ضرورت ہے کیونکہ پچھلے الیکشن قانونی اور آئینی طور پر قابل عمل نہیں ہیں۔جس کے ساتھ عوام نہ ہوں ادارے ان کے ساتھ زیادہ دیر نہیں ٹھہرا کرتے۔میں نے پی ڈی ایم کو کہہ دیا تھا کہ عوام آپ کے ساتھ نہیں ہیں اس لئے نہ عدلیہ آپ کے ساتھ رہے گی نہ کوئی اور رہے گا۔ سٹیبلشمنٹ کا جس طرح حکومت کے ساتھ اچھا تعلق ہے اسی طرح عمران خان کے ساتھ بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیبلشمنٹ اس صورتحال میں عوام کو اپنی دائیں طرف رکھے۔ پاکستان کے دفاع کے لیے عوام کی قوت کو اپنے حق میں استعمال کرے۔ یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں، عوام کی اکثریت اب نوجوانوں کی ہے۔ووٹرز کا مقابلہ بندوق سے نہیں ہوسکتا۔ عمران خان کی سب سے بڑی طاقت یہ ہے کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔بندوق کے ذریعے دہشت گردوں سے مقابلہ ہو سکتا ہے ووٹ سے نہیں ہوسکتا، آپ سیاست بندوق سے نہیں کر سکتے اور اگر ووٹر سے مقابلہ کرنا ہے تو مفاہمت اور آئین و قانون کے ذریعے لڑنا پڑے گا۔