توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چودھری عدالت پیش نہ ہوئے، سماعت ملتوی

اسلا م آباد: ( نیوز ڈیسک ) فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔ فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی الیکشن کمیشن نے کی ، فواد چودھری اور انکے وکیل فیصل چودھری الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے۔

فواد چودھری کے معاون وکیل حسن سجاد الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، معاون وکیل نے فواد چودھری کی حاضری سے استثنی کی درخواست کر دی، جس پر ممبر خیبرپختونخوا نے کہا فواد چودھری کبھی نہیں آتے، جب تک آزاد ہیں الیکشن کمیشن سماعت پر نہیں آتے، فواد چودھری جیل میں ہوں تو منتیں کرتے ہیں، کیوں نہ فواد چودھری کے وارنٹ جاری کریں؟۔

معاون وکیل نے کہا کہ فواد چودھری کی لاہور ہائیکورٹ میں ذاتی حیثیت میں پیشی ہے، آج اور کل فواد چودھری لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہوں گے، ممبرسندھ نے کہا کہ آپ کیس کو بہت آسان لے رہے ہیں، دو سال سے یہ کیس التوا میں ہے، فواد چودھری نےجواب جمع کرانا تھا۔

معاون وکیل نے کہا کہ آپ اگلی تاریخ دے دیں،کل کی سماعت پر بھی فواد چودھری کو حاضری سے استثنی دے دیں، جس پر ممبر سندھ نے کہا کہ ہم آج کی سماعت میں کل کے لئے حاضری سے استثنی کیسے دے سکتے ہیں؟ کل توہین الیکشن کمیشن کے مزید کیسز کی سماعت ہے، کل کیسز کے ساتھ ہی آج والا کیس سن لیں گے۔

الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کی توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔