اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا پر تشدد کرنے والے پی ٹی آئی کے وکیل کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔ پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے خاور مانیکا پر تشدد کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
عدالت نے خاور مانیکا تشدد کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی کی ضمانت خارج کر دی جبکہ پی ٹی آئی کے دیگر وکلا کی ضمانت کی توثیق کر دی۔
درخواست گزاروں کی جانب سے ریاست حسین آزاد ایڈووکیٹ، سردار مصروف ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مقدمے میں نامزد ملزم عثمان ریاض گل اور دیگر بھی عدالت پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ خاور مانیکا پر تشدد سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی وکلا عثمان ریاض گل، فتح اللہ برکی اور زاہد بشیر ڈار نے ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں، ملزمان میں مرزا عاصم بیگ، انصر محمود کیانی اور سعید خان سدوزئی بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے عدت میں نکاح سے متعلق کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہونے والے خاور مانیکا کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔