جو لوگ ریاست کیخلاف کھڑے ہونے کی کوشش کررہیں ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے،گورنر خیبرپختونخواہ کی وزیراعظم اور رانا ثناءاللہ سے الگ الگ ملاقاتیں
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں سیاسی ایجنڈا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، احتجاج ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے لیکن اس کی آڑ میں مذموم مقاصد کی تکمیل کسی صورت قبول نہیں ہے ،وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں وزیر اعظم میاں شہبازشریف اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملکی سیاسی صورتحال اور صوبے کے مسائل بارے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر بات چیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد اور وسائل فراہم کرے گی۔
گورنرخیبر پختونخوا نے صوبے میں لوڈ شیڈنگ سمیت سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر گفتگو کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں سیاسی ایجنڈا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔وزیراعظم نے فیصل کریم کنڈی کو خیبر پختونخوا کے عوام کی بہبود کیلئے ہرممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دریں گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کے مشیر راناثناءاللہ سے بھی ملاقات کی ،دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت صوبہ خیبرپختونخوا ہ میں گرڈ سٹیشنوں پر اراکین اسمبلی کے دھاوے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔فیصل کریم کنڈی کاکہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہ حکومت سٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کررہی ہے۔اس موقع پروزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو لوگ ریاست کیخلاف کھڑے ہونے کی کوشش کررہیں ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔