قبائلی علاقے میں بڑھتی بدامنی نے قوم کے اندر عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے،مولانا فضل الرحمان

قبائلی علاقوں میں ریاستی ادارے اپنی رٹ کھو چکے ہیں،مولانا مرزا جان کی قاتلانہ حملے میں شہادت حکومت کی کارکردگی پر بدنما داغ ہے،سربراہ جے یو آئی (ف)کی گفتگو

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور علماءکی ٹارگٹ کلنگ نے قوم کے اندر عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے، قبائلی علاقوں میں ریاستی ادارے اپنی رٹ کھو چکے ہیں، جے یو آئی رہنما مولانا مرزا جان کی قاتلانہ حملے میں شہادت حکومت کی کارکردگی پر بدنما داغ ہے۔
جمعیت علماءاسلام (ف)کے امیر مولانافضل الرحما ن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا مرزا جان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے مولانا مرزا جان وزیر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لائے ۔سکیورٹی ادارے سکیورٹی کے علاوہ ہر معاملے میں مداخلت کرکے ملک کو ریپبلک بنا رہے ہیں، امن و امان کی صورتحال سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے مولانا مرزا جان کے قاتلوں کو بے نقاب کریں اور حقائق قوم کے سامنے لائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا مرزا جان کی قومی، دینی اور سیاسی خدمات کر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مولانا مرزا جان کے خاندان، شاگردوں اور جماعتی کارکنوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔دریں اثناءچند روزقبل قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا مرزا جان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔مولانا مرزا جان چند روز قبل فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے تھے اور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے جہاں وہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسے۔
جے یو آئی رہنما مولانا مرزا جان وزیر کی میت وانا پہنچا دی گئی ہے جہاں آج ان کا جنازہ ادا کیا جائے گا۔ترجمان جے یوآئی ف کے مطابق مولانا مرزا جان کا نماز جنازہ وانا اسپورٹس کمپلیکس میں ادا کیا جائےگا جب کہ ان کی تدفین سانگہ میں ہوگی۔