نواز شریف غلط بیان دینے بند کر دیں،یاسمین راشد

ایک طرف نوازشریف سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھنے کی باتیں کرتے ہیں،دوسری طرف نوازشریف کی بیٹی نے پنجاب میں بدترین مثال قائم کررکھی ہے،پی ٹی آئی رہنماءکا جیل سے خط

لاہور( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی اسیر رہنماءیاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نواز شریف غلط بیان دینے بند کر دیں، آپ وہ وقت کیوں بھول گئے جب میں آپ کے پاس ہسپتال میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام لائی،ایک طرف نوازشریف سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھنے کی باتیں کرتے ہیں،دوسری طرف نوازشریف کی بیٹی نے پنجاب میں بدترین مثال قائم کررکھی ہے۔
رہنماءپی ٹی آئی یاسمین راشد نے جیل سے لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی خواتین صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو دس دس بار گرفتار کیا گیا۔خواتین کو پنجاب کی جیلیں گھمائی جارہی ہیں،یہ سیاسی انتقام نہیں تو اور کیا ہے۔پنجاب پولیس آئی جی کے زیرسایہ شریفوں کے گھرکی باندی بن گئی۔پی ٹی آئی رہنما ءیاسمین راشد نے اپنے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ 6بار وزیر رہنے والے میاں محمود الرشید کو ہسپتال سے بغیر علاج واپس جیل بھیج دیا۔
امجد نیازی کو رہائی کے بعد گرفتار کرنا بھی سیاسی انتقام ہے،ساہیوال کے سینکڑوں کارکنوں پر ایف آئی آر درج کرنا انتقام ہے۔ بجٹ سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی یہ عوام سے سیاسی انتقام لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شیر پاو پل پر اشتعال انگیز تقریر اور جلاو گھیراو کے مقدمہ میں پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کی ضمانتیں منظور کرلیں تھیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایاتھا۔تھانہ سرور روڑ پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔یکم مارچ 2024 کو انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کو گلبرگ میں جلاو گھیراو کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت منظور کی تھی۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے پاس پانامہ لیکس اور دبئی لیکس کے علاوہ عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں تھا ۔لیڈر یہ اس ملک کے بنتے ہیں حکمران اس ملک کے بنتے ہیں۔رہتے اس ملک میں ہیں انجوائے ادھر کرتے ہیں اور پیسے باہر رکھتے ہیں۔