جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ ترکیہ، وزیر دفاع اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں

استنبول: (نیوز ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ ترکیہ کے دوران میزبان ملک کے وزیر دفاع، کمانڈر جنرل سٹاف، ترکیہ لینڈ فورسز کے کمانڈر، نیول کمانڈر اور ایئر فورس کے کمانڈرز سے ملاقاتیں کی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ترک ایس ایس بی کے صدر سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون بشمول سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقاتوں میں عسکری قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جنرل ساحر شمشاد مرزا کو شاندار خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔