عمران خان کی جناح ہاﺅس حملہ کیس کے 3 مقدمات میں ضمانت میں توسیع

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ، وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے

لاہور( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف جناح ہاﺅس حملہ کیس کے 3مقدمات میں ضمانت میں توسیع کردی، عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی، عدالت میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر پیش ہوئے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
اس کےساتھ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پراسیکیوشن سے متعلقہ سماعت کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔عدالت نے عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے۔انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری میں 20 جون تک توسیع کر تے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ 10مئی کو بھی لاہور کی انسداد دہشت گری عدالت نے 9 مئی جلاو گھیراو کے 3 مقدمات میںپی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں 17 مئی تک توسیع کر دی تھی جبکہ عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دیاتھا۔
انسداد دہشت گری لاہور کی خصوصی عدالت کے جج ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے 9 مئی کو جناح ہاوس حملہ ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی تھی۔سابق وزیراعظم عمران خان کے جونیئر وکلاءکی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی تھی اور موقف اختیار کیا کہ سینئر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیںاس لئے ہمیں مہلت دی جائے۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے دلائل طلب کئے تھے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے ویڈیو لنک پر ایک بار بھی حاضری مکمل نہیں ہوئی تھی۔ 4 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے بغیر میرٹ پر فیصلہ ہو چکا تھا۔ عمران خان کے خلاف عسکری ٹاور، جناح ہاوس اور تھانہ شادمان جلاو گھیراو کے مقدمات درج کئے گئے تھے۔