نوازشریف کی نریندر مودی کو تیسری باروزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

آئیں! نفرت کو امید سے بدل دیں، خطے کے 2 ارب افراد کو ترقی کا موقع دیں، صدر پی ایم ایل این محمد نواز شریف

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے نریندر مودی کو تیسری بار بھارت کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ایکس پرسابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کامیابی عوام کے آپ پر اعتماد کا اظہار ہے، آئیں !نفرت کو امید سے بدل دیں۔ مزید برآں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نریندرمودی کو بھارت کے وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔
پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹویٹ میں وزیراعظم نے نریندرمودی کو مبارکباد دی۔ دوسری جانب غیرملکی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نو منتخب بھارتی وزیرِ اعظم مودی کی کابینہ میں کسی مسلمان کو وزیر نہیں بنایا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کی نئی حکومت میں 30 وزرا اور 41 وزرائے مملکت شامل ہیں۔
کابینہ بھارتی صدر سے پارلیمنٹ کا سیشن جلد بلانے کی درخواست کرے گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ مضبوط اپوزیشن کے سامنے متنازع سیاسی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنا مودی حکومت کے لیے چیلنج ہو گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے نو منتخب وزیرِ اعظم نریندر مودی نے مسلسل تیسری بار وزارت عظمی کا حلف اٹھایا تھا۔ بھارت کی صدر دروپدی مرمو نے نریندر مودی سے ان کے عہدے کا حلف لیا تھا، تقریب حلف برداری راشٹراپتی بھون (بھارتی ایوان صدر) میں ہوئی تھی، جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی اور مہمان شریک تھے۔
اس کے برعکس مودی کے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھاتے ہی فالس فلیگ آپریشنز کا سلسلہ شروع، انتہا پسند نریندر مودی نے تیسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا، اس بار مودی کو یہ وزارت عظمیٰ ایک طرح سے بھیک میں ملی ہے ، اب کی بار 400 پار کا نعرہ لگانے والی بی جے پی سادہ اکثریت تک حاصل نہ کرسکی۔ مودی کو نہرو کا تین بار وزیر اعظم بننے کا ریکارڈ برابر کرنے کیلئے چھوٹی چھوٹی جماعتوں کو ساتھ ملا کر حکومت سازی کرنا پڑی۔