اسلام آباد ہائی کورٹ نے گھر واپسی تک احمد فرہاد کو لاپتہ قراردیدیا‘مغوی کو جبری طور پر لاپتہ کیاگیا .تحریری حکم نامہ

ریاستی ادارے اپنی مکمل کوشش کے باوجود انہیں بازیاب کروانے میں ناکام رہے‘جبری گمشدگی اسلام آباد کے علاقے سے ہوئی ‘فرق نہیں پڑتا مغوی کس صوبے سے برآمدہوا‘ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کریمنل جسٹس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس، ڈی جی انٹیلیجنس بیورو اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے انچارج کو مدعو کرے.جسٹس محسن اخترکیانی کا احمد فرہاد کیس میں تحریری حکم نامہ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی پٹیشن نمٹانے کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قراردیا ہے کہ احمد فرہاد کو جبری لاپتا‘ گمشدہ قرار دیا جاتا ہے تا وقت کہ وہ اپنے گھر نا پہنچ جائیں حکم نامے کے مطابق احمد فرہاد تاحال اپنے گھر نہیں پہنچ سکے جو کہ 15 مئی سے جبری طور پر لاپتا ہیں، دوران سماعت اسلام آباد پولیس، اٹارنی جنرل اور وزارت قانون کی مداخلت اور کوششوں سے لاپتا شخص کے حوالے سے عدالت کو بتایا گیا کہ وہ تھانہ دیر کوٹ میں گرفتار ہیں اور بعد ازاں وہ مقدمہ نمبر 205/24 میں پولیس اسٹیشن صدر، مظفر آباد میں بھی مطلوب اور گرفتار ہیں.
حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ ان حالات کے پیش نظر مغوی/ لاپتا شخص کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا جبکہ تمام حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مغوی کو جبری طور پر لاپتا کیا گیا ہے اور ریاستی ادارے اپنی مکمل کوشش کے باوجود انہیں بازیاب کروانے میں ناکام رہے اور بالاخر جبری کمشدگی کا سفر جو 15 مئی کو تھانہ لوہی بھیر کی حدود سے شروع ہوا اور 29 مئی تھانی دیر کوٹ آزاد کشمیر کی حدود میں مضحکہ خیز طور پر قانونی اختیار میں داخل ہوگیا.
حکم نامے کے مطابق تفتیشی افسر نے بتایا کہ اس وقت وہ عدالتی تحویل میں ہیں لہذا تمام حقائق اور ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے عدالت احمد فرہاد کی گرفتاری جن حالات میں ریکارڈ پر لائی گئی اس کو غیر قانونی عمل قرار دیتی ہے حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ اس مقدمے کا ہم پہلو یہ بھی ہے کہ جو شخص تھانہ لوہی بھیر سے گرفتار ہوا اور اس کے جبری لاتا ہونے کے حوالے سے یہ عدالت بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے امر کو آرٹیکل 199 کے تحت دیے گئے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے عدالتی دائرہ اختیار میں دیکھتی ہے اور اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لاپتا کو کس علاقے، صوبے سے آمد کیا گیا ہے، یا قید میں رکھا گیا ہے کیونکہ عدالت کا اختیار اس امر واقعہ یعنی جبری گمشدگی سے شروع ہوتا ہے اور اس وقت تک قابل عمل رہتا ہے جب تک لاپتا شخص بر آمد نہ ہوجائے اور اس کے بنیادی بحالی حقوق بحال نہ ہوجائیں.
حکم نامے کے مطابق لا افسر نے بتایا کہ لاپتا شخص احمدفرہاد اس وقت آزاد کشمیر کے علاقے میں عدالتی تحویل میں ہیں جبکہ آئین پاکستان اور اازاد کشمیر کے آئین 1974 کے تحت آزاد کشمیر میں رہنے والے باشندگان اور پاکستانی شہریوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا تمام اداروں کی قانونی ذمہ داری ہے ان حالات کے پیش نظر عدالت رٹ پٹیشن کو مندرجہ ذیل احکامات کے ساتھ نمٹاتی ہے شاعر احمد فرہاد کو جبری لاپتا/ گمشدہ قرار دیا جاتا ہے تا وقت کہ وہ اپنے گھر نا پہنچ جائیں‘احمدفرہاد جب اپنے گھر پہنچے تو تفتیشی افسر قانونی طور پر پابند ہے کہ وہ ان کا 164 کا بیان ریکارڈ کریں‘اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت تمام جبری گمشدگی کے مقدمات کو یکجا کر کے بڑے بینچ کے سامنے تجویز کرنے سے متعلق عدالت رجسٹرار آفس کو حکم دیتی ہے کہ وہ تمام مقدمات کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش کریں تاکہ وہ انتظامی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بڑا بینچ تشکیل کریں.
عدالت حکم دیتی ہے کہ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کریمنل جسٹس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس، ڈی جی انٹیلیجنس بیورو اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے انچارج کو مدعو کرے تاکہ وہ اپنی گزارشات اور سفارشات کرینمل جسٹس کمیٹی میں زیر بحث لائیں اور تمام اداروں بشمول پولیس، وزارت داخلہ، وزارت قانون کے درمیان شہری حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی دائرہ اختیار کے اندر رہ کر جبرل گمشدگی جیسے سنگین مسئلے کا تدارک کیا جاسکے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام معاملت جن کا تعلق قومی سلامتی سے ہو ان کو ان کیمرہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے واضح رہے کہ 7 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی پٹیشن نمٹا دی تھی.