شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی عمر 26 سال ہے اور ان کا تعلق ضلع قصور سے ہے۔ آئی ایس پی آر
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے پاس دیسی ساختہ بارودی مواد کے دھماکے میں کیپٹن فراز الیاس اور ان کے 6 ساتھی شہید ہوئے، شہدا میں صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسداللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود شامل ہیں جب کہ شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی عمر 26 سال ہے اور ان کا تعلق ضلع قصور سے ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے علاقے کی صفائی کی جارہی ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔