منظور وسان کی وزیراعظم کے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی پیشگوئی

قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد جو بھی سیٹ اپ آئے گا دیکھا جائے گا، باقی صوبائی اسمبلیاں موجود رہیں گی۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

کراچی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے ایک مرتبہ پھر ملکی سیاست سے متعلق پیش گوئی کردی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے شہباز شریف 3 ماہ کے اندر قومی اسمبلی تحلیل کر دیں، قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد جو بھی سیٹ اپ آئے گا دیکھا جائے گا، باقی صوبائی اسمبلیاں موجود رہیں گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر سیاستدانوں کے لیے حالات اچھے نہیں دیکھ رہا، ریلیف ملتے بھی ہیں اور واپس بھی ہو جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی خوش فہمی میں نہ رہیں، ملکی سیاست کے لیے 3 ماہ بڑے اہم ہیں، موجودہ سیٹ اپ میں نواز شریف وزیرِاعظم نہیں بن سکتے۔ منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ عمران خان کی مشکلات میں فی الحال کوئی کمی نہیں آئے گی،بانی پی ٹی آئی فائدے کے بجائے نقصان میں جائیں گے ان کا مستقبل مشکلات میں ہے، عمران خان پہلے تقریریں کرتے ہیں پھر ترلے منتوں پر آجاتے ہیں، عمران خان کو بالآخر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے پڑیں گے ،مستقبل میں ایسے کوئی آثار نظر نہیں آرہے کہ انہیں کہیں سے بھی کلین چٹ ملے کیوں کہ بانی پی ٹی آئی اپنے لئے خود مشکلات پیدا کررہے ہیں ، اگر عمران خان سمجھتے ہیں دھمکیوں سے معاملات کنٹرول کرلیں گے تو ایسا نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حالات کو ٹھیک کرنے کیلئے سب کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا،پاکستان بننے سے اب تک کسی بھی وفاقی حکومت نے مدت پوری نہیں کی، ملک میں مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے اور اشیاءو خوردونوش کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے،سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور عنقریب اس کے ثمرات عوام کو نظر آئیں گے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جس سے عوام کی مشکلات کم کی جا سکیں۔