زلفی بخاری کی آمدن بڑھی ہے کیونکہ وہ اپنا پرائیویٹ جہاز لے کر دبئی گئے، مفتاح اسماعیل

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ نیب کو وقت ملے تو معلوم کرلے کہ کس کی جیبوں میں پیسہ گیا ہے، احتساب کو جتنا نقصان عمران خان نے پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، شوکت ترین نے صحیح کہا کہ عمران خان کی وجہ سے معیشت کا بیڑا غرق ہوا، زلفی بخاری کی آمدن بڑھی ہے کیونکہ وہ اپنا پرائیویٹ جہاز لے کر دبئی گئے۔

 مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دو سال سے افراط زر 10 فیصد سے نیچے نہیں گیا، عمران خان اور کابینہ کے ارکان کی آمدن میں اضافہ ہوا، تین سالوں میں نجی شعبوں میں کام کرنے والوں کی آمدن میں اضافہ نہیں ہوا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ رواں سال اوسطاً 21 فیصد بجلی مہنگی ہوئی ہے، پاکستان میں مہنگائی تیل، بجلی، گیس کی قیمت میں اضافے سے آئی ہے، اشیاء خور و نوش میں مہنگائی میں اضافہ ہر مہینے دس فیصد سے اوپر رہا۔

 مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کو عمران خان نے 13 ہزار ارب روپے کا مقروض کردیا ہے، مسلم لیگ ن نے پورے پاکستان میں موٹروے بچھائی اور سی پیک لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں رنگ روڈ بھی انہوں نے نہیں بنایا بلکہ صرف زمین خریدی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ سی پیک کا عمران خان کے دور میں کون سا منصوبہ شروع ہوا ہے؟ پچاسی لاکھ پاکستانی اس وقت بے روزگار ہوچکے ہیں، ساڑھے سات کروڑ افراد کی تنخواہ اٹھارہ ہزار روپے سے کم ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان دو کروڑ لوگوں کو غربت کے نیچے لے آئے ہیں، مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں دو کروڑ لوگوں کو مفلسی سے نکال دیا تھا، چند لنگر خانوں سے پاکستانیوں کا گزارا نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں