وزیراعلیٰ پنجاب نے شہباز شریف کے لیے چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد کا پیغام جاری کردیا
لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد کا پیغام جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کی ملکی ترقی و خوشحالی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل میں تیزی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ یو اے ای کے بعد چین میں بھی بہترین سفارت کاری سے ملکی ترقی خوشحالی کی راہ ہموار کر دی، وقت نے ثابت کیا ہے کہ چین اور دیگر ممالک پاکستان مسلم لیگ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں، چین کے سرمایہ کاروں کی شراکت داری پر آمادگی معاشی ترقی کے راہ کھولے گی، پاک چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اورسربلند ہیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کا علاقائی امن واستحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم قابل تحسین ہے، الحمدللہ ملک اچھے معاشی حالات کی جانب رواں دواں ہے، حکومت کی طرف سے آٹا، روٹی اور دیگر ضروری اشیا کے نرخ میں کمی کا رجحان خوش آئند ہے، محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی معاشی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔