جو لوگ فارم 45 کے حوالے سے ایک اصولی موقف رکھتے ہیں ان کے درمیان دراڑ ڈالنے سے پرہیز کرنا چاہیے بصورت دیگر وہ حکومت کو مضبوط کرنے کے مرتکب ہوں گے، ترجمان جماعت اسلامی
لاہور ( نیوز ڈیسک ) جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی فارم 45 کے حوالے سے دو ٹوک موقف رکھتی ہے اسی لیے موجودہ حکومت کو جعلی حکومت قرار دیتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض عناصر یہ تاثر پیش کر رہے ہیں کہ میاں محمد اسلم نے الیکشن ٹریبونل میں فارم 45 پیش کرنے سے معذرت کر لی حالانکہ میاں محمد اسلم ٹریبونل کاروائی کا حصہ ہی نہیں ہے جب کہ پی ٹی آئی کے امیدواران علی بخاری اور عامر مغل کے عزیز جماعت اسلامی کے اسلام آباد آفس سے فارم 45 کی فوٹو کاپی پہلے ہی لے جا چکے ہیں۔
ترجمان نے بے پر کی اڑانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ فارم 45 کے حوالے سے ایک اصولی موقف رکھتے ہیں ان کے درمیان دراڑ ڈالنے سے پرہیز کرنا چاہیے بصورت دیگر وہ حکومت کو مضبوط کرنے کے مرتکب ہوں گے۔