لاہور: ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور سیاستدان مذاکرات کا کہہ رہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کہہ رہا ہے کسی کو نہیں چھوڑوں گا، ہم مذاکرات اور افہام و تفہیم کیلئے تیار ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی پالی ہوئی حقیقت ہے، فتنے کا حل یہی ہے اس کا سیاسی وجود کٹ ٹو سائز کیا جائے، محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور کے ذریعے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہے، علی امین گنڈاپور نے واپڈا کے دفتر پر دھاوا بولا، قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے علی امین گنڈاپور نے محسن نقوی سے ملاقات کی، علی امین گنڈاپور پہلے ایکشن کرتے ہیں پھر وزراء سے ملاقات کرتے ہیں۔