آج بھی پی ٹی آئی کی فنڈنگ پاکستان دشمن ممالک کر رہے ہیں، ترجمان ن لیگ کا الزام

نو مئی کے کرداروں کو سزا نہ ملنے سے ایک اور نو مئی کی آوازیں اٴْٹھ رہی ہیں۔ ترجمان (ن) لیگ خیبرپختونخوا اختیار ولی خان

پشاور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا کے ترجمان اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ آج بھی پی ٹی آئی کی فنڈنگ پاکستان دشمن ممالک کر رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک میں ایک اور 9 مئی کے لیے سازشیں کر رہے ہیں، 9 مئی کے کرداروں کو سزا نہ ملنے سے ایک اور 9 مئی کی آوازیں اٴْٹھ رہی ہیں، سانحہ مشرقی پاکستان کا منظرنامہ دہرانا بانی پی ٹی آئی کے لیے خوفناک خواب ثابت ہوگا، پاکستان کو تقسیم کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسرائیلی لابی نے سیاست میں لانچ کیا تھا، کے پی حکومت سرکاری سطح پر ریاست پاکستان کے خلاف کھل کر زہر افشانی کر رہی ہے، پاکستان کی سلامتی کی خاطر ملک دشمن عناصر کو کچلنا ہوگا۔
ادھر پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ڈیجیٹل دہشت گردی کر رہی ہے، ان کے دماغ میں 9 مئی جیسا ایک اور پلان ہے، ریاست کو بھونڈ لڑے ہوئے ہیں، انہیں سپرے مارنا پڑے گا، عمران خان صاحب اگر انقلاب لانا ہے تو اپنے بچوں کو پاکستان لائیں اور پھر تحریک چلائے ، یہ کیسا انقلاب ہے کہ اپنے بچے باہر اور دوسروں کے بچوں سے انقلاب لانے کا کہا جا رہا ہے، انقلاب اتنا ہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گود میں بٹھاکر این آر او دے دیا جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سے زیادہ اخلاق والے طالبان ہیں، کم سے کم طالبان جو کرتے ہیں اسے اون بھی کرتے ہیں یہ کرکے بھی مکر جاتے ہیں، کمیشن اس بات پر بننا چاہیے کہ عمران خان اب ہی حمودالرحمان کمیشن رپورٹ کی بات کیوں کر رہے ہیں؟، ریاست جب کام کرنے لگتی ہے اُس کو بھونڈ لڑ جاتے ہیں، انہیں سپرے مارنا پڑے گا، پراسیکیوش کو کالے بھونڈ لڑ جاتے ہیں، اس لیے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ نہیں ہو پا رہا۔