200یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بجلی نرخوں میں اضافے کی تجویز مسترد

بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بجلی نرخوں میں اضافے کی معاشی ٹیم کی تجویز وزیراعظم نے مسترد کر دی ہے،2 کروڑ پروٹیکٹڈ صارفین کو بجٹ میں بجلی نرخوں میں سبسڈی دی جائےگی

اسلا م آباد( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے 200یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بجلی نرخوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ،بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بجلی نرخوں میں اضافے کی معاشی ٹیم کی تجویز وزیراعظم نے مسترد کر دی ہے۔وفاقی حکومت نے بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کو بلوں کی مد میں ریلیف دیتے ہوئے 200 یونٹ تک کی سبسڈی برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے،2 کروڑ پروٹیکٹڈ صارفین کو بجٹ میں بجلی نرخوں میں سبسڈی دی جائےگی۔
آئندہ مالی سال بجلی نرخوں میں اضافہ پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے نہیں کیا جائے گا۔بڑے صارفین کیلئے بجلی ٹیرف میں اضافہ نئے مالی سال کے پہلے ماہ سے کیا جائے گا۔پروٹیکٹڈ صارفین کو رواں مالی سال کے اختتام تک 160 ارب روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزنیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی میں اضافے کی درخواست کی تھی۔بجلی ایک ماہ کیلئے 3روپے 48پیسے مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھاجس کی منظوری سے صارفین پر تقریباً 34 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا،ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر نیپرا نے گزشتہ روز سماعت کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ اپریل میں فرنس آئل اور ڈیزل سے بجلی پیدا نہیں کی گئی۔ ایک ماہ میں ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار 22.96 فیصد رہی اور اپریل میں مقامی کوئلے سے 10.19 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔مقامی گیس سے 11.28 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے24.97 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اپریل میں جوہری ایندھن سے 23.64 فیصد بجلی پیدا کی گئی تھی۔یاد رہے چند روز قبل بھی حکومت نے بجلی کی قیمت میں مزید ایک روپے 47 پیسے اضافے کی منظوری دیدی تھی۔نیپرا کے مطابق صارفین سے وصولی اگست، ستمبر اور اکتوبر میں کی جائیگی۔ بجلی کمپنیوں نے پیسے 24-2023 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسمنٹ کی مد میں مانگے تھے، ۔یپسٹی چارجز کی مد میں 31 ارب 34 کروڑ روپے دینے کی استدعا کی گئی تھی۔