سائفرکیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر پیر کو سماعت ہوگی

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اپیلوں پر سماعت کریں گے، 28 مئی یوم تکبیر کو ملک بھر میں عام تعطیل کے باعث اپیلوں پر سماعت نہیں ہوسکی تھی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر پیر کو سماعت کی جائے گی۔ میڈیا کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں کیلئے سوموار کو سماعت مقرر کردی ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اپیلوں پر سماعت کریں گے۔
28 مئی یوم تکبیر کو ملک بھر میں عام تعطیل کے باعث اپیلوں پر سماعت نہیں ہوسکی تھی۔ اس سے قبل 22 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں دونوں سٹیٹ کونسل کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت سٹیٹ کونسلز سے استفسار کیا کہ کیا آپ دونوں نے ملزموں سے کوئی مشاورت کی تھی سٹیٹ کونسل نے جواب میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے میرے ساتھ دو دو منٹ لئے، بانی پی ٹی آئی نے میرے ساتھ مشاورت نہیں کی، انہوں نے ہمیں انگیج کرنے سے انکار کیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے ہیں انہوں نے کہا میں ٹھیک ہوں، عدالت نے استفسار کیا کہ یہ بھی کوئی میٹنگ ہی موکل سے مشاورت ہوتی ہے، کیا آپ دونوں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی وکالت سے انکار پر بیان حلفی دے سکتے ہیں۔ اسی طرح 22 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نئے شواہد پیش کرنے کی درخواست بھی دائر کی تھی، ممکنہ طور پر امریکی سفارتکار ڈونلوڈ لو کے بیان کی کاپی جمع کرانے کی اجازت دینے کی استدعا کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب سینئر قانون دان اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سب کیسز میں ریلیف ملنے جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی پر بنائے گئے کیسز انتہائی بے ہودہ ہیں،سائفر کا کیس توبالکل صفر ہے، توشہ خانہ کا کیس 5 منٹ میں اڑ جائے گا، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کو اپنی طاقت کا پتہ نہیں،دباﺅ ڈالنے والے پر توہین عدالت لگنی چاہئے۔