بانی پی ٹی آئی کو ملک کیخلاف لانچ کیا گیا، پاکستان کی نامور ہستیوں نے ان کی لانچنگ سے پہلے سب کہہ دیا تھا، ان کے بارے میں وزیراعظم کے خدشات غلط نہیں۔ سندھ کے صوبائی وزیر کی میڈیا سے گفتگو
کراچی ( نیوز ڈیسک ) سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی سہولت ملی ہوئی ہے، تحریک انصاف کے قائد کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ اڈیالہ جیل سے ہی آپریٹ ہورہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ملک کیخلاف لانچ کیا گیا، پاکستان کی نامور ہستیوں نے بانی پی ٹی آئی کی لانچنگ سے پہلے سب کہہ دیا تھا، ان کے بارے میں وزیراعظم کے خدشات غلط نہیں ہیں، بیرسٹر گوہر صاحب نے کل فرمایا ویڈیو کا مقصد ادارے کو ٹارگٹ کرنا نہیں تھا، پی ٹی آئی کنفیوژن کا شکار ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ویڈیو لگائی، آپ کو پتا چل گیا تھا تو ویڈیو ڈیلیٹ کردیتے۔
پیپلزپارٹی کے رہنماء کا کہنا ہے کہ 2018 سے پہلے بانی پی ٹی آئی نے قرضے معاف کرانے اور سہولت کاروں کے بارے میں کیا کہا تھا، بانی پی ٹی آئی کے دور میں چند مخصوص لوگوں کے اربوں روپے کے قرضے معاف کیے گئے، لوگوں کے 40،40ارب روپے بانی پی ٹی آئی نے خود معاف کیے، ایف بی آر، نیب اور اینٹی کرپشن کو ایکشن لینا چاہیے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، موٹر رجسٹریشن آفس سوک سینٹر پاکستان کا سب سے بڑادفتر ہے، عوام کو آسانیاں فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، ایکسائز کے افسران ہی ایکشن لے رہے ہیں یہاں کوئی سفارشی نہیں ہے، جس نے کام کرنا ہے اس نے یہاں رہنا ہے، ہم اپنے اداروں، ٹریفک پولیس کو گالیاں دے رہے ہوتے ہیں، ٹریفک پولیس اس دھوپ میں بھی ٹریفک کو مینج کررہی ہے، ان کے بھی گھر اور خاندان ہوتے ہیں، ہمیں اپنی فورسز کا ساتھ دینا چاہیے، جہاں غلطیاں اور کوتاہیاں ہوتی ہیں سزا ملتی ہے۔