سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، وزیرِاعظم

متعلقہ وزارتیں پاکستان چین کے تعاون کے نئے منصوبوں کے حوالے سے تیاری کریں اور بزنس ٹو بزنس روابط بڑھائے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ جائزہ اجلاس میں شہباز شریف کی ہدایت

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا، اس دوران مختلف وفاقی وزارتوں کی جانب سے پاکستان چین دو طرفہ معاشی تعلقات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں، جن پر وزیراعظم کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ متعلقہ وزارتیں پاکستان چین کے تعاون کے نئے منصوبوں کے حوالے سے تیاری کریں اور بزنس ٹو بزنس روابط بڑھائے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، چینی انڈسٹری خصوصاً چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان چین کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی کے شعبوں اور میں تعاون بڑھانے اور چین میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی، چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے، سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، چینی تعاون سے گوادر بندرگاہ کو لاجسٹکس کا حب بنایا جائے گا، ایگری کلچر ڈیمانسٹریشن زونز کا قیام سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے اہم منصوبہ ہو گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی)کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی،وزیراعظم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کابینہ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، کابینہ ڈویژن نے کابینہ کمیٹی برائے ایس آئی ایف سی کی تشکیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا،ایس آئی ایف سی کی سفارشات کابینہ کمیٹی میں پیش کی جائیں گی اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی، ایس آئی ایف سی کابینہ کمیٹی ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے فیصلے کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی کے ممبران میں 11 وفاقی وزرا ہوں گے، کمیٹی ارکان میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال، وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، وزیر قومی غذائی تحفظ، وفاقی وزیر برائے پاور، وفاقی وزیر آبی وسائل، وزیر قانون و انصاف، وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور وزیر برائے پیٹرولیم شامل ہیں جبکہ آرمی چیف، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور نیشنل کوارڈینیٹر بھی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے۔