ہر لمحہ اور ہر قیمت پر قوم کا دفاع یقینی بنایا جائے گا، افواجِ پاکستان کا عزم

مسلح افواج اور قوم ان تمام لوگوں کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اس شاندار کارنامے میں اپنا حصہ ڈالا۔ آئی ایس پی آر کا یوم تکبیر پر پیغام

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) مسلح افواج کے سربراہان نے یوم تکبیر کی 26 ویں سالگرہ پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کے جوہری تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے جس کے باعث خطے میں طاقت کا توازن بحال ہوا۔ افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم تکبیر 28 مئی کی مناسبت سے جاری پیغام میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج نے یوم تکبیر کی 26 ویں سالگرہ پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے، یہ اہم موقع 1998ء میں پاکستان کے جوہری تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے، جس نے کامیابی سے قابل اعتبار کم از کم ڈیٹرنس قائم کیا اور خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اور قوم ان تمام لوگوں کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اس شاندار کارنامے میں اپنا حصہ ڈالا، اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور حکام قوم اور اس کی مسلح افواج کے شکر گزار اور تعریف کے مستحق ہیں۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے اس اہم دن پر پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے دفاع، اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور ملکی سلامتی کو ہر حال میں اور کسی بھی قیمت پر یقینی بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ خیال رہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے 28 مئی یوم تکبیر پر سرکاری چھٹی کا اعلان کیا ہے، اس دن کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، اس دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔