پرامن جوھری پروگرام کو مجرموں کا مخصوص گروہ اپنے سیاسی دھندے کیلئے استعمال کرتا ہے،گوہر ایوب خان اور ڈاکٹرعبدالقدیر بتا چکےکہ بھارتی دھماکوں کے بعد کیسے نوازشریف کے پلیٹ لیٹس گر رہے تھے،ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ پرامن جوھری پروگرام کو مجرموں کا مخصوص گروہ اپنے سیاسی دھندے کیلئے استعمال کرتا ہے، گوہرایوب خان اورڈاکٹرعبدالقدیربتا چکےکہ بھارتی دھماکوں کے بعد کیسے نوازشریف کے پلیٹ لیٹس گر رہے تھے۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اٹھائیس مئی، پاکستان کے کامیاب ایٹمی تجربات قومی عزم و ایثار اور ملّی یکجہتی کی روشن نظیر ہے، پاکستان کے پرامن جوھری پروگرام کو مجرموں کا ایک مخصوص گروہ اپنے سیاسی دھندے کیلئے استعمال کرنے کی مذموم کوشش کرتا ہے، قوم نے کم از کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کے اصول کے پیشِ نظر اور خطّے میں طاقت کے توازن کو قائم رکھنے کیلئے اپنا پیٹ کاٹ کر ایٹمی پروگرام چلانے کا فیصلہ کیا، طاقت کے کسی بھی روایتی مرکز سے بڑھ کر جوہری پروگرام کی ابتداء سے انتہا تک کے تمام مراحل عوامی تائید و شراکت سے عبارت ہیں، معیشت اور جسامت کے اعتبار سے خود سے کئی گنا بڑے دشمن کے مقابلے میں دفاع کی ضروریات کو پورا کرنا اہم تھا، قوم نے یہ ذمّہ بخوبی ادا کیا، مہارت اور کمال کے حامل سائنسدانوں نے ذاتی مفادات سے کہیں اوپر اٹھتے ہوئے وطنِ عزیز کی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے شب و روز محنت کی، اپنے ذاتی مفادات کی آبیاری کو اپنی سیاست کا مرکز بنائے رکھنے والوں کو قوم نے سختی سے جوہری پروگرام پر کسی حماقت سے باز رکھا، متعدد مصنفین خصوصاً پاکستان کے جوہری پروگرام سے براہِ راست مناسبت رکھنے والے افراد کی شہادتیں ریکارڈ پر موجود ہیں، قوم کے اصرار اور شدید دباؤ پر بھارت کے آگے بھیگی بلّی بننے سے گریز کرنے والے جرات مندی کی اداکاری کریں تو ہنسی آتی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب خان اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان قوم کو بتا چکے ہیں کہ بھارت کیجانب سے دھماکے کئے جانے کے بعد کیسے نوازشریف کے پلیٹ لیٹس گر رہے تھے، قوم نے ایٹمی دھماکہ نہ کرنے کی صورت میں خود نوازشریف کا دھماکہ کرنے کا دوٹوک پیغام دے کر ازلی بھگوڑے کیلئے فرار کے سارے راستے بند کئے، قومی خزانے کی لوٹ مار سے ملک کو کمزور سے کمزور تر کرنے اور اپنے مفادات کو قومی مفاد پر مقدم رکھنے والوں کیجانب سے ملک کو جوہری صلاحیت سے مالا مال کرنے کے دعوے ایک بھونڈے مذاق سے بڑھ کر کچھ نہیں، عوامی مینڈیٹ کی چوری سے اقتدار میں لائے جانے والے معیشت کا جنازہ نکال کر براہِ راست پاکستان کی قومی سلامتی کو سنگین خطرات سے دوچار کر رہے ہیں، سرکاری بیانیے بنانے کی بجائے صورتحال کی نزاکت کے پیشِ نظر نہایت سنجیدگی اور عملی اقدامات درکار ہیں، فیصلہ ساز احساس کریں اور منفی تجربات سے باز رہیں۔