خواجہ آصف ہارا ہوا ہے یہ حلف اٹھا کر کہہ دے کہ یہ جیتا ہے؟ اسد قیصر کا وزیر دفاع کو چیلنج
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اسد قیصر نے خواجہ آصف کو اپنی جیت ثابت کرنے کیلئے حلف لینے کا چیلنج دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے بانی تحریک انصاف عمران خان پر کی گئی تنقید پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ اسد قیصر کا کہنا ہے کہ کراچی خواجہ آصف ہارا ہوا ہے یہ حلف اٹھا کر کہہ دے کہ یہ جیتا ہے، اسلام آباد، کراچی راولپنڈی ڈویژن کی یہ تمام سیٹیں ہارے ہوئے ہیں، ان کی اپنی بیویاں نہیں مانتیں کہ یہ جیتے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماء شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ عمران خان کا شیخ مجیب الرحمان سے موازنہ کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے،معاشی لحاظ سے پاکستان کی بقاء خطرے میں ہے، عمران خان واحد شخصیت ہیں جو پاکستان کی بقاء کیلئے ضروری ہے، پی ٹی آئی تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کو تیار ہے،لیکن تین جماعتوں نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا۔
انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا شیخ مجیب الرحمان سے موازنہ کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، پی ٹی آئی تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کو تیار ہے اور بات کربھی رہی ہے، لیکن تین جماعتیں ایسی ہیں جن کے بارے ہم سمجھتے ہیں انہوں نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے کہ ان جماعتوں سے ہم بات کرنا ہی نہیں چاہتے، مولانا فضل الرحمان کو دیکھ لیں کتنے اختلافات تھے لیکن اب بات چیت ہورہی ہے۔
محمود اچکزئی سے کتنا اختلاف تھا پھر بھی صدر بنایا، یہ کہنا کہ عمران خان مخالف قوتوں سے بات کرنے کو تیار نہیں یہ حق بجانب نہیں ہوگا۔پاکستان کی بقاء خطرے میں ہے، معاشی لحاظ سے دیکھ لیں، ہم کہتے ہیں عمران خان واحد شخصیت ہیں جو پاکستان کی بقاء کیلئے ضروری ہے۔