وزیراعلیٰ پنجاب کا ناقص کارکردگی پر انڈسٹریل اسٹیٹس کے سربراہ کو تبدیل کرنے کا حکم

انڈسٹریل اسٹیٹس کے سربراہ اور ٹیم کا پرفامنس آڈٹ کرایا جائے گا، انڈسٹری کو سہولتیں دے کر ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کریں گے،مریم نواز کا سپیشل اکنامک زونز کے بارے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب

لاہور( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ناقص کارکردگی پر انڈسٹریل اسٹیٹس کے سربراہ کو تبدیل کرنے کا حکم دیدیا، انڈسٹریل اسٹیٹس کے سربراہ اور ٹیم کا پرفامنس آڈٹ کرایا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز کے امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میںسینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، سیکریٹری خزانہ مجاہد شیر دل، سیکریٹری انڈسٹری احسان بھٹہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میںسپیشل اکنامک زون میں دستیاب کاروباری سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں انڈسٹری کے فروغ کے اہداف کی حصول میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کیا اور اہداف پورا کرنے میں ناکامی اور ناقص کارکردگی پر انڈسٹریل اسٹیٹس کے سربراہ اور بورڈز کو تبدیل کرنے کا حکم دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری کو سہولتیں دے کر ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کریں گے۔

انڈسٹریل اسٹیٹ کو پلگ اینڈ پلے ماڈل پر قائم کرنا چاہتے ہیں اور انڈسٹری کے قیام کے طریقہ کار کو آسان اور تیز ترین بنا یا جائے گا۔ انڈسٹریل اسٹیٹ کو انہی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے جن کے لئے قائم کی گئی ہیں۔دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرآباد میں دو افراد کی سیکنڈ ایئر کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبہ سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ سے متعلق انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ اس حوالے سے مریم نواز نے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار پہنچایا جائے گا۔دوسری جانب وزیرآباد پولیس نے طالبہ سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے طالبہ کو اغوا کر کے زیادتی کی اور ویڈیو بھی بنائی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔