پاکستانی حکومت کی اربوں ڈالرز حاصل کرنے کی کوششوں پر سعودی حکومت نے کوئی ردعمل نہیں دیا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت دیامر بھاشا ڈیم کیلئے سعودی عرب سے سرمایہ کاری حاصل کرنے میں ناکام، پاکستانی حکومت کی اربوں ڈالرز حاصل کرنے کی کوششوں پر سعودی حکومت نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان نے دیامربھاشا ڈیم میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی عرب کو بھی پیشکش کی تھی جس کے لیے سعودی عرب کو 1 ارب 20 کروڑ ڈالر اس منصوبے میں لگانے تھی جبکہ مزید 2 ارب 30 کروڑ ڈالر دس سال قرض پر فراہم کرنے کے انتظامات کرنا تھے۔
ایک سینئرحکومتی اہلکار کے مطابق حکومت کو اس منصوبے کے لیے 3 ارب 50 کروڑ ڈالر کی کمی کا سامنا تھا اور پاکستان کو امید تھی کہ سعودی عرب اس میں دلچسپی ظاہر کرے گا تاہم پاکستان کو اس حوالے سے کوئی ردعمل موصول نہیں ہوا۔
اسی باعث اب وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ دیامربھاشا ڈیم کو پاکستان چین اقتصادی راہدی منصوبے میں شامل کرے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے یہ ہدایات ان کے عنقریب دورہ چین سے قبل جاری کی گئی ہیں جہاں وہ پاکستان میں سرگرم عمل چینی کمپنیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔ گزشتہ سات برسوں کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب پاکستان نے دیامربھاشا ڈیم کو سی پیک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل نومبر 2017 میں پاکستان نے دیامربھاشا ڈیم کو سی پیک میں شامل کرنے کی درخواست واپس لے لی تھی اور اس وقت کے واپڈا کے چیئرمین مزمل حسین کے مطابق چین کی جانب سے اس منصوبے کی ملکیت کے حوالے سے سخت شرائط عائد کی گئی تھیں جس کے بعد پاکستان نے اسے سی پیک میں شامل کرنے کی درخواست واپس لے لی تھی۔