آپ طاقت کے زور پر سیاست نہیں کرسکتے،شبلی فراز

دفاتر تو گرا سکتے ہیں لیکن عوام کے دلوں سے عمران خان کی محبت ختم نہیں کرسکتے،رات کے اندھیرے میں ہمارے مرکزی دفتر پر دھاوا بولا گیا اور دفتر گرایا گیاہم اس کی مذمت کرتے ہیں ،سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فرازکا کہنا ہے کہا کہ آپ طاقت کے زور پر سیاست نہیں کرسکتے، رات کے اندھیرے میں پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر پر دھاوا بولا گیا اور دفتر گرایا گیا،ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں بلکہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھیوں کو فوری رہا کیا جائے،جو آج اطمینان سے بیٹھے ہوئے، انہیں بتانا چاہوں گا کہ یہ صرف ہمارے ساتھ نہیں ہورہا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی کارروائیاں کا سلسلہ جاری ہے لیکن آپ طاقت کے زور پر سیاست نہیں کرسکتے، آپ ہمارے دفاتر تو گراسکتے ہیں، ہمارے بانی کو جیل بھیج سکتے ہیں لیکن 25 کروڑ عوام کے دلوں سے عمران خان کی محبت کو ختم نہیں کرسکتے۔
حکومت سیاسی طور پر تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتی تو اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

حکمران جتنے ظلم وستم کرلیں یہ سب لکھا جائے گا۔ اس وقت ملک میں عدم استحکام ہے اور ان حالات میں بھی آپ کا کردار سیاسی نہیں بلکہ ظلم وطاقت کے ذریعے اپنی مخالف پارٹی کو کچلنے کی کوشش کررہے ہیں، جب کہ پیپلزپارٹی اس میں برابر کی شریک ہے جو حکومت میں نہ ہونے کے باوجود حکومت کا حصہ ہے۔پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ چوری شدہ مینڈیٹ سے آنے والی فارم 47 کی حکومت کم از کم تاثر تو دے کہ یہ لوگ اچھے لوگ ہیں لیکن اس طرح کی حرکتوں سے یہ عوام کے دلوں میں نفرت پیدا کررہے ہیں۔
اس سے جمہوریت، ووٹ کا تقدس پامال ہورہا ہے۔ ملک میں فسطائیت کی ایک لہر آئی ہوئی ہے، سیاسی کیسز کی بنیاد پر ہماری لیڈرشپ کو گرفتار کیا گیا اور کل ایک شرمناک واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ لوگ سیاسی طور پر تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے تو اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، اگر یہ اس کو سیاست کہتے ہیں تو ہم ایسی سیاست چھوڑنے کو تیار ہیں۔