سروسز ہسپتال میں داخل پی ٹی آئی رہنماءیاسمین راشد کی میڈیکل رپورٹ آگئی

پی ٹی آئی رہنما گزشتہ روز سے کچھ کھاپی نہیں سکیں، قے کی وجہ سے یاسمین راشدکے جسم میں پانی کی کمی ہے، سی بی سی، گردوں، اور جگر کے ٹیسٹ بھی تجویز کئے گئے ہیں،رپورٹ

لاہور( نیوز ڈیسک ) سروسز ہسپتال میں داخل پاکستان تحریک انصاف کی رہنماءیاسمین راشد کی میڈیکل رپورٹ آ گئی، یاسمین راشد کا بلڈ پریشر 160/110 ہے، پی ٹی آئی رہنما گزشتہ روز سے کچھ کھاپی نہیں سکیں ہیں قے کی وجہ سے یاسمین راشدکے جسم میں پانی کی کمی ہے، دل کی دھڑکن 90 خون میں آکسیجن لیول 92 فیصد اور بلڈ شوگر لیول 140 ریکارڈ ہوا ہے۔
یاسمین راشد کو معدے اور اینٹی بائیوٹک ادویات کے انجکشن تجویز کئے گئے ہے جبکہ سی بی سی، گردوں، اور جگر کے ٹیسٹ بھی تجویز کئے گئے ہیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق فی الوقت ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے لیکن مکمل صحت یابی کیلئے کم از کم دو سے تین روز تک لئے انہیں داخل کیا جارہا ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق یاسمین راشد کو صبح درد کی شکایت ہوئی۔
صبح 6 بجے یاسمین راشد کو درد کا انجیکشن دیاگیا۔یاسمین راشد کا ڈاکٹر خدیجہ نے معائنہ کیا۔میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماءکو گرمی کی وجہ سے ڈائریا اور قبض کی شکایات کے باعث ہسپتال لایا گیاتھا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی گزشتہ روزجیل میں طبیعت ناساز ہوگئی تھی جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ یاسمین راشد جیل میں بے ہوش ہو گئی تھیں۔
سخت گرمی کی وجہ سے یاسمین راشد کا جیل میں بلڈ پریشر ہائی ہو گیا تھا۔جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ بلڈ پریشر ہائی ہونے کی وجہ سے یاسمین راشد جیل میں بے ہوش ہوئیں جنہیں سروسز ہسپتال علاج کیلئے منتقل کر دیاگیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی کل سے جیل میں طبیعت انتہائی خراب ہے اور انہیں علاج کی سہولت نہیں دی گئی۔یاسمین راشد کے وکیل کا کہنا تھا کہ جیل کے سیل میں گرمی کی شدت اور خراب پانی پینے کی وجہ سے کل دوپہر یاسمین راشد کی طبیعت خراب ہوئی تھی انہوں نے دعویٰ کیا کہ کل سے لگاتار قے اور پیٹ خراب ہونے کے باوجود پی ٹی آئی رہنما کو علاج کی سہولت نہیں دی گئی تھی۔