وفاقی حکومت غیر آئینی ہے چوری کے مینڈیٹ پر بیٹھی ہے،بیرسٹر سیف

جمہوریت کو نقصان پہنچانے والی جماعتوں سے بات نہیں ہو گی ،چوری کے مینڈیٹ پر اسمبلیوں میں بیٹھے لوگوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے،گفتگو

پشاور( نیوز ڈیسک ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخواہ بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت غیر آئینی ہے چوری کے مینڈیٹ پر بیٹھی ہے،جمہوریت کو نقصان پہنچانے والی جماعتوں سے بات نہیں ہو گی،چوری کے مینڈیٹ پر اسمبلیوں میں بیٹھے لوگوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے کہا کہ جمہوریت کی بالادستی کیلئے ہمارے دروازے تمام جماعتوں کیلئے کھلے ہیں لیکن جن جماعتوں نے ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے ان سے مذاکرات نہیں ہونگے۔
تحریک انصاف جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہو۔ہمارے ساتھ جو زیادتیاں کی گئیں ہیں ان کا ازالہ کیا جائے ۔فارم 47کے تحت قائم ہونے والی حکومت سے کس طرح مذاکرات کریں۔
مینڈیٹ چوروں سے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس لینا اب فرض بن چکا۔اس مینڈیٹ چور حکومت کو عوام کا کچھ پتہ نہیں ہے انہیں اندازہ نہیں ہے کہ عوام کس کرب سے گز ر رہے ہیں ۔

بجلی کے بے تحاشا بلوں اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔وفاق خیبرپختونخواہ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے ۔آئے روز ہمارے صوبے کے لوگوں کو بجلی چور کہا جاتاہے۔وفاق کے ذمے ہمارے واجبات ہیں جنہیں کے حل کیلئے کئی بار وفاق سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے ۔ بجلی کی مد میں وفاق کے ذمے خیبر پختونخوا ہ کے واجبات ہیں۔
صوبے میں چیف سیکرٹری کی تعیناتی جان بوجھ کر نہیں کی جا رہی ہے ۔ہم وفاق سے جس افسرکی خدمات صوبے کیلئے مانگتے ہیں انہیں رد کر دیا جاتا ہے۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کو جاتی امراءکیلئے پرائیویٹ جیٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کیلئے راتوں رات خصوصی پرواز کا بندوبست کر لیا گیا جبکہ کرغزستان میں پریشان حال پاکستانی طلباءکولانے کیلئے پی آئی اے کا طیارہ ہی نہیں دستیاب ۔خیبر پختونخوا میں مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔