وزیراعلیٰ پنجاب اور قائد ن لیگ نے ہسپتال میں موجود سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں و لواحقین سے علاج کی سہولیات بارے دریافت کیا
لاہور( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے والد اور قائد ن لیگ نواز شریف کے ہمراہ اچانک میو ہسپتال میں سہولیات کا جائزہ لینے پہنچ گئیں،مریم نواز اور نواز شریف نے ہسپتال میں موجود سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں و لواحقین سے علاج کی سہولیات بارے دریافت کیا، نواز شریف نے پیڈز ایمرجنسی کا دورہ کیا اور مریضوں سے گفتگو بھی کی جبکہ ایمرجنسی میں علاج ومعالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور نواز شریف نے ہسپتال میں ایمرجنسی سمیت دیگر اپ گریڈیشن کے حوالے سے کاموں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کو جلدازجلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔اس موقع پر نواز شریف اور مریم نواز نے چائلڈ لائف فاونڈیشن کے ذریعے بچہ ایمرجنسی کے انتظام کا مشاہدہ بھی کیا اور چائلڈ لائف کے ذریعے بچہ ایمرجنسی چلانے کے ماڈل کو توسیع دینے کے امور پر جائزہ بھی لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے میو ہسپتال کے دورے کے دوران صوبائی وزرا مریم اورنگزیب ،وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر ، صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمی بخاری، سیکریٹری صحت علی جان ،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سی ای او میو ہسپتال پروفیسر احسن نعمان ، ایم ایس میو پروفیسر فیصل مسعود ، پروفیسر ہارون حامد بھی قائد میاں نواز شریف کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ہسپتالوں میں مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پوری طرح کوشاں ہے ۔پنجاب میں مریضوں کیلئے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ عوام کو علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے ۔