کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار تقریب کے مہمان خصوصی تھے،14افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری اور 19 افسران کو تمغہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔ جب کہ 9 فوجی شہداءکے لواحقین نے تمغہ بسالت وصول کیا
کراچی( نیوز ڈیسک ) کراچی کورمیں اعزازات تفویض کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، آرمی افسروں اور جوانوں کو ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز اور تمغہ بسالت کے اعزازات سے نوازا گیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ کراچی کور کمانڈر ہاوٴس میں فوجی افسران کو اعزازات سے نوازنے کیلئے تقریب منعقد کی گئی۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران اور ایوارڈز حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں فوجی افسروں اور جوانوں کو ستارہ امتیاز ملٹری، تمغہ امتیاز ملٹری اور تمغہ بسالت کے اعزازات سے نوازا گیا۔14افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری اور 19 افسران کو تمغہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
جب کہ 9 فوجی شہداءکے لواحقین نے تمغہ بسالت وصول کیا۔کور کمانڈر نے شہدا کے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے شہداءکی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔خیال رہے کہ دو روز قبل لاہوراورپشاور کورمیں فوجی اعزازات عطا کرنے کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لاہورکورمیں عسکری اعزازات عطا کرنے کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل عامررضانے عسکری اعزازات عطا کیے۔ 25 افسروں کوستارہ امتیازملٹری اور27 افسروں کوتمغہ امتیازملٹری تفویض کئے گئے تھے۔آئی ایس پی آرکا کہناتھا کہ 18 شہید سپاہیوں کے ورثا نے بھی تمغہ بسالت وصول کئے تھے۔دوسری جانب پشاورکورمیں بھی فوجی اعزازات عطا کرنے کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔ کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات نے اعزازات عطا کئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 افسروں کوستارہ امتیازملٹری اور15 فوجی افسروں کوتمغہ امتیازملٹری تفویض کیے گئے تھے۔ کور 4 جونیئرکمیشنڈ افسروں کے اہلخانہ اور29 سپاہیوں نے تمغہ بسالت وصول کئے تھے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھاکہ تقریب میں اعزازحاصل کرنے والوں کے اہلخانہ اورسینئرفوجی افسروں نے شرکت کی تھی۔