جنرل ضیاءالحق نے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر لٹکایا لیکن آج بھٹو کی پارٹی جنرل ضیاء کے بیٹے اعجازالحق کے ساتھ بیٹھ کر 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر رہی تھی، سینئر صحافی حامد میر کی پیپلز پارٹی پر تنقید
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حامد میر نے پیپلز پارٹی کا ضیاء الحق کے صاحبزادے کے ساتھ بیٹھنا 9 مئی کا کمال قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی واقعات کو ایک سال مکمل ہونے پر سینئر صحافی حامد میر کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینئر صحافی حامد نے جمعرات کے روز 9 مئی کے حوالے سے ہونے والے اتحادی حکومت کے اراکین کے اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہے 9 مئی کا اصل کمال، جنرل ضیاءالحق نے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر لٹکایا لیکن آج بھٹو کی پارٹی جنرل ضیاء کے بیٹے اعجازالحق کے ساتھ بیٹھ کر 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر رہی تھی۔
جبکہ 9 مئی واقعات کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے ردعمل میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ 9 مئی کے نتیجے میں ن لیگ، پیپلز پارٹی کے درجنوں بیروزگاروں کا روزگار لگ گیا، ورنہ خواجہ آصف، عطا تارڑ اور ان سب نے دبئی میں اقاموں پر نوکریاں کر رہے ہونا تھا۔
دوسری جانب 9 مئی واقعات کو ایک سال مکمل ہونے پر نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر نے کہا کہ پہلے ہمیں ٹی وی پر دکھایا گیا یہ بھی ملوث ہے وہ بھی ملوث ہے پھر جب ان میں سے جس جس نے پریس کانفرنس کی وہ پاک صاف ہوگئے ، اگر واقعی 9 مئی کو قوم نے سنجیدگی سے لیا ہوتا تو 8فروری کو لوگ تحریک انصاف کو کو اکثریتی جماعت بنا کر اسمبلی میں نہ بھیجتے۔