راولپنڈی:( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پرسماعت ملتوی ہوگئی، عدالت نے 13مئی کو مزید گواہ طلب کرلئے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے مقدمے کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی، بانی پی ٹی ائی اور بشری بی بی کو اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا سلمان صفدر اور ظہیر عباس بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔
نیب کے وکلا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید ایک گواہ کا بیان ریکارڈ اور ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی۔ بعدازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کے بیان قلم بند کیے جائیں گے جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کی جانب سے گواہوں پر جرح کی جائے گی ۔
دریں اثنا احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست بھی عدالت نے منظور کر لی۔