چیف الیکشن کمشنر کی تقرری غیر قانونی قرار دینے کی درخواست پر سماعت آج ہوگی

لاہور: ( نیوز ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تقرری کیخلاف درخواست پر سماعت آج ہو گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان ایڈووکیٹ طالب میکن کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر وکلاء سے دلائل طلب کر رکھے ہیں۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بغیر کسی اشتہار کے ہوئی تھی، یہ تقرری سیاسی بنیادوں پر ون مین ایجنڈا کے تحت ہوئی۔

اس حوالے سے درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایک آئینی ادارے میں ایک ریٹائرڈ افسر کو تعینات کرنا ملک اور قوم کے ساتھ زیادتی ہے، عدالت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تقرری کو غیر قانونی قرار دے۔