لاہور:( نیوز ڈیسک ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ نام نہاد وزیراعلیٰ کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے یہ حکومت مکمل فیل ہو چکی ہے۔ چیئرنگ کراس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما سنی اتحاد کونسل ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ اسمبلی سے ہمارے ارکان نے کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے واک کی اور دھرنا دیا ہوا ہے، حکومت ٹک ٹاک پر چل رہی ہے، نام نہاد وزیراعلیٰ کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت کا پہلا امتحان کسان سے گندم خریدنا تھا، انہوں نے 3900 روپے فی من گندم خریدنے کا اعلان کیا، اعلان تو انہوں نے کردیا مگر ان کو بعد میں سمجھ آئی نگران حکومت جو ان کا ہی تسلسل تھا نے پہلے ہی گندم امپورٹ کرلی تھی اب وہ سرپلس ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلے کمیٹی کمیٹی کھیلتے رہے بعد میں اعلان کردیا کہ ہم گندم نہیں خرید رہے، اس وقت کسان 2200 روپے فی من گندم فروخت کر رہا ہے، یہ حکومت فیل ہوچکی ہے، کسان کش حکومت ہے، ان کے اپنے ارکان نے ان پر عدم اعتماد کردیا ہے۔
ملک احمد خان بھچر کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ کسانوں کو گرفتار کر رہے ہیں، آئی جی صاحب نے جو تمغہ لیا اس کا حق ادا کررہے ہیں، کسان اپنا حق مانگ رہے ہیں یہ انہیں جیل میں بھیج رہے ہیں، جب تک کسانوں کے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔