ان کے دل میں اور بھی راز ہیں کھل کر آئیں اور مزید بھی باتیں کلئیر کردیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی میڈیا سے گفتگو
پشاور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے، اب اگر وہ حق سچ کے راستے پرآئے ہیں تو ہم انہیں ویلکم کرتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب کا مینڈیٹ چوری نہیں ہوا بلکہ ان کے ساتھ تو دھوکہ ہوا ہے اور دھوکہ انہوں نے کیا جن کے ساتھ ڈیل ہوئی تھی، وہ ان سے سوال کریں جس نے مینڈیٹ چوری کیا، مینڈیٹ تو ہمارا چوری ہوا پھر بھی میں ہر حلقہ کھولنے کو تیار ہوں۔
اچھی بات ہے کہ اب اگر مولانا فضل الرحمان سچ بول رہے ہیں ان کے دل میں اور بھی راز ہیں، کھل کر آئیں اور مزید بھی باتیں کلئیر کردیں، مولانا نے کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں نے گرائی، اب مولانا اگر حق اور سچ کے راستے پر آئے ہیں تو ہم ویلکم کرتے ہیں۔
یوم مزدور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ محنت کشوں کی خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں، محکمۂ محنت مزدوروں کے سارے پیکجز ڈبل کرے گا، صنعت کاروں کو بھی ریلیف دینے کی ضرورت ہے، مزدوروں کو پیسے دینے میں صنعت کاروں کو کوئی مسئلہ نہیں، ہر چیز کا علاج ہے اور مجھے سارے علاج کا پتا ہے، گڈ گورننس اور مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہوتی ہے، اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی قوانین میں اصلاحات ہوں گی۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ باتوں اور ٹک ٹاک سے کچھ نہیں ہوتاپنجاب پولیس میں ریفارمز لانے کی ضرورت ہے ،وردی پہن کر ٹک ٹاک تو اچھی بن سکتی ہے لیکن اس سے مسائل حل نہیں ہو سکتے ،میں کچھ کہتا ہوں تو سارے میرے پیچھے پڑجاتے ہیں،یہ پنجاب پولیس الیکشن میں دھاندلی کی آلہ کار بنی تھی ، وردیاں پہننے سے مسائل حل نہیں ہو تے ، پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت میں معاشی صورتحال بہتر تھی اور عالمی اداروں کی جانب سے معاشی اعشاریہ میں بہتری کی نشاندہی بھی کی گئی تھی جبکہ پی ڈی ایم کی سولہ ماہ کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے جس میں ملک میں مہنگائی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گئی تھی اور انہوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔