ریاض: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کی ہے۔ ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات ہوئی، بل گیٹس نے پنجاب میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے حفاظتی قطروں کے پروگرام کی تعریف کی اور اس طرز عمل کو ملک بھر میں پھیلانے کی تجویز دی۔
شہباز شریف نے بل گیٹس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور اپنے دوبارہ انتخاب پر بل گیٹس کے تہینیتی خط پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور فاؤنڈیشن کے درمیان حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے بل گیٹس کو دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے دیرینہ تعاون پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے انتھک محنت کر رہا ہے، پولیو سے پاک پاکستان کے حتمی مقصد تک پہنچنے کیلئے تمام شراکت داروں کی طرف سے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ بی ایم جی ایف پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے، گیٹس فاؤنڈیشن آئی ٹی، تعلیم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کرتی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بانی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کیلئے بہت ضروری ہے۔