سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا، سعودی وزیر سرمایہ کاری نے شہباز شریف کو ’پرائم منسٹر آف ایکشن‘ قرار دیدیا
ریاض ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم شہبازشریف اور سعودی عرب کے وزراء نے اتفاق کیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد آل فالیح، سعودی عرب کے وزیر خزانہ عزت محمد آل جادان اور سعودی وزیر برائے صنعت بندر بن ابراہیم الخیریف نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں سعودی وزیر سرمایہ کاری نے وزیراعظم کو ’پرائم منسٹر آف ایکشن‘ قرار دے دیا اور کہا کہ ہم سب آپ کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے آگاہ ہیں، آپ پاکستان کے ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں جس میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ کا مشن ہمارا مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا، ماضی میں پاکستانیوں نے سعودی عرب کے مختلف شعبوں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اسی طرح وزیراعظم اور سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات میں اتفاق ہوا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا، سعودی وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سعودی عرب کی ترقی ہے، سعودی عرب نے ویژن 2030ء کے حوالے سے حکومتی سطح پر اصلاحات کیں اور مشکل فیصلے کیے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر صنعت نے زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں پیشرفت سے آگاہ کیا، سعودی وزیر صنعت نے کہا کہ سعودی نجی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطے میں ہوں اور یہ کمپنیاں بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گی، دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان اشتراک ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کا ہر مشکل میں ساتھ دینے پر خادم حرمین شریفین سلمان بن عبد العزیز آل سعود ،سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود اور سعودی وزیر وزراء کا شکریہ ادا کیا، شہباز شریف نے کہا کہ میرے پچھلے دور حکومت میں سعودی عرب کی حمایت اور مدد کی بدولت ہمارے معاشی حالات بہتر ہوئے، سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے سٹریٹجک پارٹنرز ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان ملاقاتوں میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری بھی موجود تھے۔