مریم نواز آپ کو مبارک ہو آپ پولیس میں بھرتی ہو گئی ہیں ، لیکن اگر آپ بھرتی نہیں ہوئیں تو آپ کیخلاف یونیفارم پہننے پر کارروائی ہونی چاہیے،عدالت میں پیشی پر گفتگو
لاہور( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماءیاسمین راشد کا کہناہے کہ مریم نواز آپ کو مبارک ہو آپ پولیس میں بھرتی ہو گئی ہیں ، لیکن اگر آپ بھرتی نہیں ہوئیں تو پولیس کی یونیفارم پہننا جرم ہے جس کی قانون میں سزا ہے، مریم نواز کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے، آئی جی پنجاب اس غفلت کا ذمہ دار ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنمایاسمین راشد نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس یونیفارم پہننے پر مریم نواز کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
جو بندہ پولیس میں نہ ہو اور یونیفارم پہنے وہ جرم کرتا ہے۔مسلم لیگ ن کے لیڈر رہائی کیلئے ڈیل کرتے ہیں پی ٹی آئی ڈیل نہیں کرے گی، رانا ثناءاللہ ہمیں ڈیل کا مشورہ نہ دیں، ہم تمہاری طرح نہیں ہیں، ہمیں ڈیل کرنی ہوتی تو اب تک رہا ہو چکے ہوتے۔
یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ میری ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن کارروائی نہیں ہونے دے رہی، کئی ماہ سے میری ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ نہیں ہو رہا۔
صنم جاوید اور عالیہ حمزہ نے پی ٹی آئی کو چار چاند لگا دیے، وہ مزاحمت کی علامت بن گئی ہیں، جیل کی سختیاں ان کا جذبہ کم نہیں کر سکیں، انہوں نے سیاسی ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، صنم جاوید آج بھی سرگودھا جیل سے مسکراتی ہوئی عدالت میں پیش ہوئی ہے۔دریں اثناءانسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو ن لیگ کا آفس جلانے کے 2 مقدمات میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی کو ن لیگ کا دفتر جلانے کے 2 مقدمات کی سماعت کی، پی ٹی آئی رہنماوٴں ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چودھری سمیت دیگر ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ صنم جاوید کو سرگودھا جیل سے حاضری کیلئے عدالت لایا گیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرتے ہوئے دونوں مقدمات کے ٹرائل کی کارروائی 8 مئی تک ملتوی کر دی۔