پاکستان اور ایران کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، ایرانی صدر

ایرانی عوام کے دل ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے رہیں گے، پاکستان آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا، خواہش تھی یہاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتا۔ مزارِ اقبال پر حاضری کے دوران ایرانی صدر گفتگو

لاہور ( نیوز ڈیسک ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلق ہے، پاکستان اور ایران کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی لاہور پہنچے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا، سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، صوبائی وزراء سلمان رفیق، بلال یاسین، چوہدری شافع حسین، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر سمیت دیگر حکام ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
بتایا گیا ہے کہ ایران کے صدرابراہیم رئیسی نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں نے پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے بہت اہم ہے، علامہ اقبال کی شاعری پاکستان اور ایران کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے، علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو نئی راہ دکھائی، علامہ اقبال کی شاعری میں واحدانیت اور محبت کا پیغام ملتا ہے، علامہ اقبال نے استعماریت کے خلاف آواز اٹھائی۔
ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلق ہے، ایرانی سپریم لیڈرکی جانب سےپاکستان اور لاہور کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبیت جیسا احساس نہیں ہوا، میری خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتا، پاکستان ایران کے دل ساتھ جڑے ہیں، دونوں ممالک کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوگا، پاکستانی حکومت نے غزہ پر جس طرح ایک موقف ایران کیساتھ مل کر اپنایا ہے اس پر ہمیں بہت زیادہ فخر ہے، غزہ میں فتح فلسطینیوں کی ہوگی۔