بشریٰ بی بی کی اچانک طبیعت خراب، بنی گالہ میں طبی معائنہ

پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں نے معدے اور آنتوں کا مکمل جائزہ لینے کا مشورہ دے دیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر بنی گالہ میں طبی معائنہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کو اچانک تیزابیت اور سینے میں تکلیف کی شکایت ہوئی جس کے بعد پمز کی لیڈی ڈاکٹروں نے بنی گالہ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کا طبی معائنہ کیا، اس دوران ڈاکٹروں کی ٹیم نے کھانے پینے اور لائف اسٹائل میں تبدیلیاں تجویز کیں، بشریٰ بی بی کی معدے اور آنتوں کا مکمل جائزہ لینے کا مشورہ دیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ دو روز قبل بشریٰ بی بی کو احتساب عدالت کے حکم پر سب جیل بنی گالہ سے ہسپتال لایا گیا، پولیس نے انہیں چیک کے لیے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا، جہاں بشریٰ بی بی کے معدے اور خون کا ٹیسٹ لیا گیا، طبی معائنے کے دوران سابق وزیراعظم کی اہلیہ کی انڈو سکوپی کی گئی، انڈو سکوپی کے علاوہ ڈاکٹر کی ہدایات پر بشریٰ بی بی کے دیگر ٹیسٹ بھی ہوئے، اس دوران سابقہ خاتون اول کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور سرکاری ڈاکٹروں کی ٹیم بھی نجی ہسپتال میں موجود رہی، بشریٰ بی بی کے وکلاء کی ٹیم بھی ہسپتال میں موجود تھی۔
ادھر محکمہ صحت خیبرپختونخواہ نے پنجاب حکومت سے رابطہ کرکے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کیلئے ایک بار پھر درخواست کر دی، محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے پنجاب حکومت کو یاددہانی کا خط ارسال کیا ہے جس میں سابق خاتون اول کے طبی معائنے کی غرض سے میڈیکل ٹیم کیلئے اجازت مانگی گئی ہے، وزیر صحت خیبرپختونخوا سید قاسم علی شاہ کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 3 اپریل کو لکھے گئے خط کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ خط میں وزیر صحت نے سابقہ خاتون اول کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ، صوبائی وزیر صحت نے خط میں لکھا کہ میرے دفتر سے جاری ہونے والے خط میں بشریٰ بی بی کو زہریلی خوراک سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ، ہم نے پہلے بھی بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کے نام خط لکھا تھا، بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر حکومت پنجاب سے رابطہ کیا ، ہم نے خط میں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل کی بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست کی تھی، ہم چاہتے ہیں حکومت خیبرپختونخوا کے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل بشریٰ بی بی کا تفصیلی معائنہ کرے۔