آئی ایم ایف کے ساتھ طویل المدتی پروگرام ضروری ہے: محمد اورنگزیب

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طویل المدتی پروگرام ضروری ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف رواں ماہ کے آخر میں قرض کی قسط جاری کر سکتا ہے، معاشی استحکام کیلئے آئی ایم ایف کا پروگرام ضروری ہے، سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، سٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری آنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، جون تک زرمبادلہ ذخائر 9 سے 10 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا دورہ مکمل کر کے آیا ہوں، آئی ایم ایف قرض کیلئے آخری راستہ ہوتا ہے، آئی ایم ایف قرض پروگرام میں ہوں تو کوئی پلان بی نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں، ٹیکس کی شرح میں اضافہ ضروری ہے، سب سے پہلے ٹیکس کا معیشت میں حصہ بڑھانا چاہتے ہیں، ملکی معیشت میں ٹیکس کا حصہ 9فیصد ہے جو خطے میں سب سے کم ہے۔

محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ دوسراتوانائی کے نقصانات کم کرنے کیلئے سنجیدہ کوشش کرنا ہوگی، تیسرا بڑا مسئلہ سرکاری اداروں کا نقصان کم کرنا ہے، نقصان میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری بھی ضروری ہے۔