عمران خان کمپرومائز نہیں کرینگے اور اس ماہ کے آخر تک جیل سے باہر آجائیں گے،اسد قیصر

بانی پی ٹی آئی کسی کے دباﺅ میں نہیں آئیں گے،عمران خان کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے،جن کے پاس مینڈیٹ نہیں وہ کس بنیاد پر اسمبلی میں بیٹھیں ہیں،پریس کانفرنس

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کا کہنا ہے کہ عمران خان کمپرومائز نہیں کرینگے اور اس ماہ کے آخر تک جیل سے باہر آجائیں گے،بانی پی ٹی آئی کسی کے دباﺅ میں نہیں آئیں گے،عمران خان کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے ،جن کے پاس مینڈیٹ نہیں وہ کس بنیاد پر اسمبلی میں بیٹھیں ہیں، جب تک عوام کا مینڈیٹ نہیں لیتے آپ کو چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے۔
مانچسٹرمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات کے دوران ہمیں جلسے نہیں کرنے دئیے گئے اور ہمارے لوگوں کواٹھایاگیا۔ہم ان کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔یہ کچھ بھی کرلیں ان سے حکومت نہیں چلنی۔
ان کے پاس حکومت چلانے کیلئے کوئی ویژن نہیں ہے ان سے معیشت نہیں سنبھلنی ہے ملکی معیشت کے بارے میں انہیں کوئی ادراک نہیں ہے ۔

دھاندلی سے قائم ہونے والی حکومت کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے ۔جس طرح انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیااس کی مثال کبھی نہیں ملتی ۔پہلے ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا اور پھر ہماری مخصوص نشستوں پر راتوں رات ڈاکہ مارا گیا۔الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری اداکرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوا ہے ۔ہمیں الیکشن کمیشن سے کوئی امید نہیں ہے کہ وہ ہمارے ساتھ انصاف کریگا۔
ضمنی الیکشن میں بھی حکومت نے دھاندلی کے ریکارڈ توڑے ہیں ۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چرانے والوں سے مذاکرات کسی صورت نہیں ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے اعلیٰ عدلیہ ہمارے ساتھ انصاف کریگی اور ہمیں چھینی گئی سیٹیں ہمیں واپس مل جائیں گی ۔باقی جماعتوں کے ساتھ مل کر ہم اس دھاندلی زدہ الیکشن کیخلاف تحریک چلائیں گے اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔